کشمیری رہنمامولانا غلام نبی نوشہری انتقال کرگئے

25 جون ، 2024

اسلام آباد(اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ میں ایک طویل عرصے تک جماعت اسلامی مقبوضہ جموں وکشمیر کی نمائندگی کرنے والے سینئر کشمیری رہنما مولانا غلام نبی نوشہری اسلام آباد میں انتقال کرگئے ۔ ان کی عمر تقریباً 80سال تھی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ان کی نماز جنازہ نماز مغرب کے بعد برما چوک میں جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے مرکز پر اداکی گی۔ ان کا شمار جماعت اسلامی مقبوضہ جموں وکشمیر کے سینئر ترین رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے ایک طویل عرصے تک قائد تحریک سید علی گیلانی کی رفاقت میں تحریک آزاد کشمیر کیلئے کام کیا۔ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن بھی رہے ہیں۔ انہوں نے کئی بار جیل کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن ان کے پائے استقلال میں کبھی لغزش نہیں آئی۔ وہ طویل عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور پیر کی صبح پی ڈبلیو ڈی اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔