نواز،باجوہ ملاقات کا دعویٰ بے بنیاد،قانونی کارروائی کا حق رکھتے ہیں ،ملک احمد خان

25 جون ، 2024

لاہور (نما ئندہ جنگ ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما واسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے سابق لیگی رہنما محمد زبیر کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی ملاقات کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا اشارہ دے دیا۔اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات سے متعلق پوچھے گئے سوال پرسابق لیگی رہنما محمد زبیر کا دعویٰ مسترد کردیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا اشارہ بھی دیا۔انہوں نے کہا کہ محمد زبیر سے اس طرح کی بات کی توقع نہیں تھی، ان کی باتیں بے بنیاد ہیں اور اس سے بڑا جھوٹ کوئی نہیں ہوسکتا، لندن میں ملاقاتوں سے متعلق الزامات کو مسترد کرتا ہوں، محمد زبیر کے پاس تفصیلات ہیں تو سامنے لیکر آئیں۔ملک احمد خان نے کہا کہ نوازشریف اور قمر باجوہ کے درمیان پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے سے قبل کوئی ملاقات نہیں، ملاقات تو دور، ان کی آپس میں کوئی بات بھی نہیں ہوئی، یہ کیسی ملاقات تھی جس کا علم صرف محمد زبیر کو ہے، دونوں فریقین کے پاس ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا حق ہے، ایک حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا، اس پر یہ الزام لگاتے ہیں کہ یہ ایک سازش کے تحت کیا گیا، جس میں سابق آرمی چیف اور سابق وزیراعظم ملوث تھے۔