سولرائزیشن کے معاملات کو جلد نمٹایا جائے گا ،وزیر اعلیٰ بگٹی

25 جون ، 2024

کوئٹہ(خ ن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملک نصیر احمد شاہوانی کی قیادت میں زمیندار ایکشن کمیٹی کے وفد نے ملاقات کی ، وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی اور سیکرٹری خزانہ بابر خان اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان اور زمینداروں کے مابین زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر وفاقی سیکرٹری پاور ڈویژن سے رابطہ بھی کیا اور بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے پر پیشرفت سے متعلق دریافت کیا جس پر وفاقی سیکرٹری نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی بجٹ کی مصروفیات کے باعث امور تعطل کا شکار ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے زمینداروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سولرائزیشن کے معاملات کو جلد نمٹایا جائے گا ۔