سینیٹ ، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بوجھ کم کرنے سمیت 128سفارشات پیش

25 جون ، 2024

اسلام آباد ( آن لائن ) سینیٹ نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے اور موٹر سائیکل استعمال کرنے والوں کو ریلیف دینے کے لیے سستے پیٹرول کا طریقہ کار وضع کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔ سینیٹ میں نئے فنانس بل کے حوالے سے 128 سفارشات پیش کی گئیں جو ایوان بالا نے قائمہ کمیٹی خزانہ کی سفارش پر قومی اسمبلی کو بھیج دیں۔ سینیٹ نے خیراتی ہسپتالوں کو طبی آلات اور ادویات پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ دینے، تعمیراتی شعبے پر عائد ٹیکس ختم کرنے و شعبے کے لیے فنانس ایکٹ 2019 کا ٹیکس رجیم بحال کرنے جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ون ونڈو آپریشن شروع کرنے کی سفارش کی ہے۔اسی طرح ان ڈائریکٹ ٹیکسز میں 50 فیصد کمی کرنے، ڈائریکٹ ٹیکس میں اضافہ کرنے، فاٹا اور پاٹا میں لوکل سپلائی پر ٹیکس چھوٹ 30 جون 2025 تک دینے، کمپنیوں کے بغیر نوٹس اکاؤنٹ بلاک کرنے کا قانون ختم کرنے اور سیلز ٹیکس میں 1300 ارب روپے اضافے کی تجویز واپس لینے کی سفارش بھی کی ہے۔