رپورٹرزدوآوٹ بارڈرزنےپاکستان کو صحافیوں کیلئے خطرناک ملک قرار دیدیا

25 جون ، 2024

پیرس (رضا چوہدری /نمائندہ جنگ ) صحافیوں کے تحفظ کی عالمی تنظیم رپورٹر زدو آوٹ بارڈرز (آر ایس ایف) نے خلیل جبران کے قتل کی مذمت کی ہے، سال کے آغاز سے اب تک قتل ہونے والے چوتھے صحافی خیبرپختونخواکے صحافی خلیل جبران کو 18 جون کو ملک کے شمال مغربی ضلع خیبر میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز مطالبہ کرتی ہے کہ اس جرم کے مرتکب افراد کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور صحافیوں کے قتل میں ڈرامائی اضافے کے پیش نظر حکام کی جانب سے حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔ پشتو ٹیلی ویژن چینل کے صحافی خلیل جبران جو کہ مسلح طالبان گروپوں کی شورش کی کوریج کر رہے تھے، 18 جون کی شام کو صوبہ خیبر کے ضلع لنڈی کوتل کے قصبے میں گھات لگا کر کیے گئے حملے میں مارے گئے۔ پختون خواہ افغانستان کی سرحد سے متصل ہے۔ صحافی گھر جا رہا تھا کہ مسلح افراد نے انہیں گاڑی سے باہر نکالنے کے بعد گولیوں سے بھون دیا۔ ان کے ساتھیوں کے مطابق صحافی نے انہیں ملنے والی دھمکیوں کی اطلاع دی تھی۔