ڈیوزبری (محمد رجاسب مغل ) سنی جمعیت عوام برطانیہ کے زیر اہتمام باٹلے میں حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا یوم شہادت نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا ۔اس سلسلے میں حجتہ الاسلام پیر سید محمد عرفان شاہ مشہدی موسوی کی زیر صدارت عظیم الشان کانفرنس منعقد ہوئی جس میں سادات کرام ، علماء مشائخ اور مختلف شہروں سے آئے ہوئے فرزندان اسلام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پیر محمد عرفان شاہ مشہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام کے لیے حضرت عثمان غنی ؓ کی قربانیاں فراموش نہیں کی جاسکتیں داماد رسولؐ،خلیفہ سوم حضرت سیدنا عثمان غنی ؓ کی پوری زندگی صبر و وفا کا پیغام اور ہر مسلمان کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے تمام اہلبیت اور اصحاب رسول اور خلفائے راشدین کی زندگیاں ایثار سے عبارت ہیں جنہوں نے انسانیت کی فلاح کے لیے مال وجان کے نذرانے پیش کیے انہوں نے کہا کہ خلفائے راشدین نے اپنے اپنے ادوار میں نیابت الٰہی کا کردار ادا کرتے ہوئے انصاف ، عدل ، مساوات اور تکریم انسانیت کا درس دیا ۔آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ان کی تعلیمات پر عمل کریں ۔کانفرنس سے صاحبزادہ پیر سید ازکیٰ جلال الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ اعلیٰ سیرت و کردار کے ساتھ ساتھ اپنی ثروت و سخاوت میں مشہور اور شرم وحیا کی صفت میں بے مثال تھے فروغ اسلام اور استحکام دین کیلئے اپنی دولت کو بے دریغ نچھاور کیا اور اپنے دور خلافت میں مدینے کو مثالی ریاست بنایا ۔کانفرنس سے پیر سید حسن محمود شاہ گجراتی ، مفتی محمد بشیر احمد طائر نقشبندی ، علامہ علی اکبر سجاد ، علامہ ساجد علی شامی اور دیگر علماء نے خطاب کرتے ہوئے امیر المومنین سیدنا حضرت عثمان غنیؓ کے فضائل و مناقب، سیرت و کردار، بے مثال فتوحات اور سخاوت و شجاعت پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اس موقع پر سید احسن رضا عرفانی ،قاری محمد رضوان نعیمی ،قاری محمد سبطین اور دیگر نعت خوان حضرات نے تلاوت قرآن کریم اور نعت کی صورت میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ آخر میں پیر عرفان شاہ مشہدی نے امت مسلمہ ، استحکام پاکستان کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا کی۔ یاد رہے کہ سنی جمعیت عوام برطانیہ گزشتہ 26سال سے برطانیہ کے تمام شہروں میں حق چار یار کانفرنسز کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جس میں خلفائے راشدین کے عظیم کارناموں کو اجاگر کیا جاتا ہے ۔
پیرس فرانس کے شمالی ساحل پر تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 12افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔ جبکہ ساحلی نگرانوں نے کشتی...