لندن کی ونڈز ورتھ کونسل سڑک پر ای بائیک کھڑی کرنے پر پابندی لگائے گی

25 جون ، 2024

لندن (پی اے) لندن کی ونڈز ورتھ کونسل نے سڑک کے کنارے ای بائیک کھڑی کرنے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلے کا اطلاق کونسل کی جانب سے پورے برو میں ای بائیک کھڑی کرنے کے 111 پارکنگ ایریا بنائے جانے کے بعد کیا جائے گا۔ یہ پارکنگ ایریا کلیپ ہیم جنکشن، ٹوٹنگ براڈوے، ٹوٹنگ بی، ونڈس ورتھ ٹائون بیلہیم اور پٹنے ٹائون سینٹرز میں قائم کئے جائیں گے۔ اس اسکیم کا مقصد کرائے پر حاصل کردہ بائیکس سڑک کے کنارے کھڑی کرنے سے پیدا ہونے والے مسائل، پیدل چلنے والوں کا راستہ رکنے، جیسے مسائل کو حل کرنا ہے۔ پارکنگ کے مقامات کی تنصیب کا کام شروع کردیا گیاہے اور کونسل کو توقع ہے کہ یہ کام 4 ہفتے میں مکمل کرلیا جائے گا۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پارکنگ کے تمام مقامات کی تنصیب کے بعد مصروف ٹائون سینٹرز میں سڑک کے کنارے ای بائیک کھڑی کرنے پر پابندی عائد کردی جائے گی۔کونسل کا کہنا ہے کہ ان مصروف علاقوں کے علاوہ دیگر نسبتاً غیرمصروف علاقوں میں ای بائیک کھڑی کرنے کی اجازت ہوگی۔ توقع ہے کہ اس سال کے آخر تک ای بائیک کھڑی کرنے کے مزید مقامات نصب کردیئے جائیں گے۔ کونسل کی ٹرانسپورٹ اسٹریٹیجی کے سربراہ ڈیوڈ ٹائڈلے نے بتایا کہ برو آمدورفت کے ایک آسان ذریعےکے طورپر ای بائیک کے استعمال کی حامی ہے لیکن اس کو بے تکے انداز میں کھڑا کئے جانے سے مسائل پیداہو رہے تھے۔