سورج کی روشنی کو بجلی میں تبدیل کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم

25 جون ، 2024

لندن( نیوز ڈیسک)رہائشی سائز کے شمسی پینل نے سورج کی روشنی کو بجلی میں تبدیل کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔ یہ ریکارڈ سولر پینل کے موجودہ موڈیولز میں 7 فی صد سے زیادہ بہتری لا کر بنایا گیا ہے۔برطانیہ کی ایک اسٹاٹ اپ کمپنی آکسفورڈ پی وی نے جدید جنریشن کے ٹینڈم سولر سیل متعارف کرائے ہیں جو پیروسکائٹ نامی ’معجزاتی مواد‘ کا استعمال کرتے ہیں تاکہ سیلیکون سے بنے روایتی سولر پینلز کی کارکردگی کو بہتر کیا جا سکے ۔ پیرووسکائٹ آن سیلیکون ٹینڈم سولر سیل نے 26.9فی صد کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جو کہ موجودہ بہترین سیلیکون موڈیولز سے 7.5فیصد بہتر ہے۔1.6مربع میٹر رقبہ گھیرنے والے اور 25کلو سے کم کا وزن رکھنے والے ان سولر پینلز کو آکسفورڈ پی وی نے گھریلو استعمال کے لیے ’آئیڈیل سائز‘ قرار دیا ہے۔کمپنی کے فیچ ایگزیکٹیو ڈیوڈ وارڈ کا کہنا تھا کہ آکسفورڈ پی وی کا ریکارڈ ساز موڈیول سولر پاور جنریشن میں واضح جدت پیش کرتا ہے۔ کمپنی کی جانب سے یہ اعلان چین کے کمرشل سائز سولر پینل کے سورج کی روشنی کے 34.6فی صد بجلی بنانے کے ریکارڈ کے بعد کیا گیا ہے۔