کورونا مثبت شرح 0.8ریکارڈ،متاثر 946مریضوں کی حالت تشویشناک

29 نومبر ، 2021

اسلام آ باد ،کرا چی(خبرایجنسی )ملک میں کورونا سے مزید 5 افراد جاں بحق ہو گئے، مزید 303 کیسز رپورٹ ہوئے ،مثبت کیسز کی شرح 0.81 رپورٹ ہوئی، کورونافعال کیسز کی تعداد 13 ہزار 719 ہے ۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح صفر اعشاریہ آٹھ ایک ریکارڈ کی گئی ،وائرس سے متاثر 946 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔دوسری جانب کورونا وائرس کی نئی قسم آنے کے بعد سول ایوی ایشن نے بھی پاکستان آنے والی فلائٹس سے متعلق نیا سفری ہدایت نامہ جاری کردیا ہے اور کورونا کی نئی لہر کی وجہ سے جنوبی افریقہ سمیت افریکا کے 6 ملکوں اور ہانگ کو کیٹگری سی فہرست میں شامل کرکے سفری پابندی عائد کردی ہے،سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ان ممالک کے علاوہ بیرونِ ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کو 72 گھنٹے قبل کورونا پی سی آر ٹیسٹ کرانے کی شرط برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاکستان پہنچنے پر مسافروں کا ایرپورٹ پر ریپد انٹیجن ٹیسٹ ہوگا، مثبت کورونا وائرس آنے پر مسافروں کو سرکاری قرنطینہ سینٹرز میں رکھا جائے گا۔