حکومتی اداروں کی نااہلی، موسم سرما میں بھی گھنٹوں لوڈشیڈنگ،یومیہ 12 گھنٹے بجلی کی بندش

29 نومبر ، 2021

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے موسم سرما میں بھی بجلی کی گھنٹوں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری، ضلع حیدرآباد میں یومیہ12گھنٹے بجلی کی بندش ہونے لگی جس کی وجہ سے متعدد علاقوں میں فراہمی آب کا نظام ڈانوا ڈول ہوگیا، تفصیلات کے مطابق حکومتی اداروں کی عدم توجہ اور نااہلی کی وجہ سے بجلی فراہمی کے اداروں و کمپنیز نے عوام کا جینا محال کیا ہوا ہے اور خلق خدا کا کوئی پرسان حال نہیں،ضلع حیدرآباد میں بجلی کی تاریں لٹک رہی ہیں اور بیشتر مقامات پر پول آندھی اور طوفان کی وجہ سے کئی ماہ سے ٹیڑھے ہوچکے ہیں جو کسی بھی وقت زمیں بوس ہوسکتے ہیں اور سونے پر سہاگا یہ ہے کہ حیدرآباد میں یومیہ گھنٹوں بجلی کی بندش کی جارہی ہے، صوبہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر میں حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی انتظامیہ وعملے نے موسم گرما کی طرح سرما میں بھی شہریوں کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،حیسکو کی جانب سے صبح سے رات گئے تک یومیہ 8گھنٹے شیڈول کے مطابق بجلی بند کی جارہی ہے، اس کے علاوہ 3سے 4گھنٹے فالٹ کا جواز پیش کرکے مزید بجلی کی بندش کو طول دیا جارہا ہے۔