چیئرمین سی ڈی اے اور کمشنرراولپنڈی کی زیر صدارت اجلاس،مسائل مشترکہ طور پرحل کرنے پر اتفاق

10 جولائی ، 2024

اسلام آباد( نیو زرپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور کمشنر عبدالامیر خٹک کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکواٹرز میں اجلاس ہواجس میں سلاٹر ہاؤس کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اسی طرح سبزی منڈی، واسا اور ریونیو ریکارڈ سمیت تمام مسائل مشترکہ طور پرحل کرنے اور جڑواں شہروں سے پولیو اور ڈینگی کے تدارک کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد سلاٹر ہاؤس ہمک میں مزید سہولیات فراہم کرکے اسے بہتر بنایا جائے گا ۔انہوں نےکہا کہ سلاٹر ہاؤس میں معیار کو اسلام آباد اور راولپنڈی انتظامیہ کے افسران مشترکہ طور پرمانیٹر کریں گے۔ دریں اثناءچیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے   چینی  وفد نے بھی ملاقات کی۔ وفد اسلام آباد میں تھیم پارک بنانے کا خواہاں ہے۔وفد نے سی ڈی اے دفتر کی عمارت اور سٹریٹ لائیٹس کی سولر پر منتقلی کے منصوبے میں  بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔