نئے ٹیکسز لگنے کے بعد رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری رک گئی ، اسٹیٹ ایجنٹس ایسو سی ایشن

10 جولائی ، 2024

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسو سی ایشن کے چیئرمین فارن ڈیلیگیشن کمیٹی چوہدری مظہر نے کہا ہے کہ نئے ٹیکسز لگنے کے بعد رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری رک گئی ہے، بے جا ٹیکسز کے بعد رئیل اسٹیٹ انڈسٹری پر بہت برے اثرات مرتب ہوئے ہیں حکومتی ریونیو کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے پراپرٹی ٹرانسفر پانچ فیصد سے بھی کم ہو گئی ہیں. انہوں نے کہا کہ ہم چونکہ اسٹیک ہولڈرز ہیں اس لیے ہمیں ان ٹیکسز کے لگنے کے بعد والی صورتحال پہلے پتہ تھی اور ہم نے اپنی تجاویز میں بھی حکومت کو اس کے حوالے سے آگاہ کیا تھا لیکن حکومت نے ہماری بات نہیں مانی ان ٹیکسز کے لگنے کے بعد پاکستان کے تمام متعلقہ اداروں میں پراپرٹی ٹرانسفرز وغیرہ صرف پانچ فیصد تک ہو سکی ہیں یعنی ناقص پالیسیوں کے باعث ایک چوتھائی کام بھی نہیں ہو سکا ہے اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھیں بجٹ میں لگے ٹیکسز پر نظر ثانی کریں.