10 ارب ڈالرز کی گرین ریفائنری، مارکیٹ اسٹڈی کیلئے 3 ملین ڈالرز کی منظوری

13 جولائی ، 2024

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) ایک اہم پیشرفت میں پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے بورڈ نے مارکیٹ اسٹڈی شروع کرنے اور مکمل کرنے کے لیے 3 ملین ڈالر تک کی رقم کی منظوری دے دی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا 10 ارب ڈالر کی گرین ریفائنری یا کروڈ ٹو پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کا میگا پروجیکٹ شروع کیا جائے۔ پاکستانی حکام نے سعودی آرامکو کی خواہش کے مطابق 25 سال کے لئے ساڑھے سات فیصد ڈیمڈ ڈیوٹی اور 20 سال کی ٹیکس چھوٹ کے ساتھ نئی گرین ریفائنری پالیسی کا پہلے ہی نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ لیکن بعد میں کہا گیا کہ سعودی آرامکو کو شاہی حکومت سے لاتعلقی کا سامنا ہے اور اس نے معقول حد تک ڈی ریگولیشن کی جانب سفر کیا ہے یہی وجہ ہے کہ آرامکو انتظامیہ دنیا بھر میں ریفائنری کے کاروبار میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے زیادہ مائل نہیں ہے کیونکہ ریفائنری کا کاروبار ماضی کی طرح زیادہ منافع بخش نہیں رہا۔