حکومت کا تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ، سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل عمران خان ،عارف علوی اور قاسم سوری پر آرٹیکل 6 لگایا جائے گا، وزیر اطلاعات

16 جولائی ، 2024

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے غیر قانونی سرگرمیوں پر پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنے ، سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر نظرثانی کی اپیل دائر کرنے اور بانی پی ٹی آئی، ساق صدر عارف علوی اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کےتحت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے،آرٹیکل 6 لگانے کا ریفرنس سپریم کورٹ میں بھیجا جائے گا،ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث بیرون ملک بیٹھے عناصرکے خلاف کارروائی ہوگی، ملک کو آگے لے جانا ہے تو شرپسند عناصر پر پابندی لگانا ہوگی، آئی ایم ایف کو خط لکھنا پی ٹی آئی کے ملک دشمن ایجنڈے کا حصہ تھا، ایک سیاسی جماعت کو وہ حق دیا گیا جو اس نے مانگا ہی نہیں تھا، حکومت کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کرےگی ۔ وہ پیر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ گزشتہ چند روز سے ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،ایک فلمی ٹریلر چلایا جارہا ہے جو سات خون معاف کے نام سے ہے اور بتایا جارہا ہے کہ ان ٹچ ایبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دانشمندی کو ہماری کمزوری سمجھا گیا۔ انہوں نے ہمیں کمزور سمجھا اور گالی دینے کا کلچر پھیلایا گیا، کہا گیا کہ اسلامی ٹچ دو اور اسلام کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرو، یہ وہ روش ہے جو کئی سالوں سے رواں دواں ہے۔2014کے دھرنوں سے آج تک ایک مخصوص مائنڈ سیٹ کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔ جب فلسطین پر حملے ہورہے ہیں تو ان کے رہنما اسرائیلی بزنس مین کیساتھ کھانے کیوں کھا رہے تھے، بہت ہوگیا، اس ملک کے ساتھ کھلواڑ نہیں ہونے دیں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کا منشور ہے کہ کوئی غیر مسلم ان کی جماعت کا رکن نہیں بن سکتا،حالیہ فیصلے میں تحریک انصاف کو بن مانگے ریلیف دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اتحادی جماعتوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نظرثانی میں یہ استدعا کی جائے گی جنہیں ریلیف دیا گیا ہے کیا انہوں نے مانگا تھا؟ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کو وہ حق دیا گیا جس کا وہ حق نہیں رکھتی، ہم سمجھتے ہیں کہ نظرثانی کی اپیل دائر کرنے میں حق بجانب ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ ذرائع سے فنڈنگ لی ہے، فارن فنڈنگ کیس میں چھ سال سے سٹے پر سٹے لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ملکی دفاع پر ذاتی مفاد میں حملہ کیا، بانی پی ٹی آئی کا پورا خاندان اس حملے میں ملوث تھا، بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں کور کمانڈر ہائوس کے باہر موجود تھیں،قوم کو کہا جا رہا تھا کہ انقلاب برپا ہونے لگا ہے، فوری طور پر اپنی اپنی لوکیشن پر پہنچیں، بانی پی ٹی آئی نے انتشار اور تشدد کی سیاست کو فروغ دیا،انہوں نے ملک کے دفاعی اداروں کو نقصان پہنچایا، پی ٹی آئی حکومت ہی ٹی ٹی پی کو واپس لائی، ایک طرف یہ دہشت گردوں کو لا کر پناہ گاہیں دے رہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ یہ ملک کی سالمیت میں کردار ادا کریں گے، پی ٹی آئی نے سائفر کا ڈرامہ رچایا،انہوں نے اپنے سیاسی مفاد کیلئے عالمی سطح پر ملک کے تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی، امریکا میں ہمارے سفیر نے کہا کہ کوئی تھریٹ موجود نہیں تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انہی وجوہات کی بنا پر وفاقی حکومت تحریک انصاف پر پابندی لگانے کیلئے کیس دائر کرے گی،آئین حکومت کو ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث جماعت پر پابندی لگانے کا اختیار دیتا ہے، وفاقی حکومت تحریک انصاف پر پابندی لگانے کیلئے کیس دائر کرے گی،تحریک انصاف پر پابندی کیلئے جواز موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے غیر آئینی طور پر اسمبلیوں کو توڑا، آئی ایم ایف کو خط لکھنا پی ٹی آئی ملک دشمن ایجنڈے کا حصہ تھا، ملک کیساتھ اب کھلواڑ نہیں ہونے دیں گے،ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو شرپسند عناصر پر پابندی لگانا ہی ہوگی، پی ٹی آئی نے آئین کی خلاف ورزی کی، تحریک عدم اعتماد کے ہوتے ہوئے اسمبلیوں کو تحلیل کیا، اس وقت کے صدر عارف علوی، اس وقت کے وزیراعظم عمران خان نیازی اور اس وقت کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا ریفرنس کابینہ کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ کو بھجوایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ تارکین وطن محنتی لوگ ہیں، وہ ملک کی ترسیلات میں اضافہ کرتے ہیں، بیرون ملک کچھ مخصوص لابیاں پاکستان کی سالمیت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کیخلاف سازشوں میں ملوث بیرون ملک موجود لابیوں کیخلاف حکومتنے تادیبی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے،پاکستان سے باہر بیٹھ کر ممنوعہ فنڈنگ وصول کرکے ملک کیخلاف مہم چلانے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔