لندن (پی اے) پولیس نے لندن میں بدھ کو کلفٹن سسپنشن برج پر سوٹ کیس میں ملنے والی 2 لاشوں کے حوالے سے اسکاٹس روڈ پر ایک 34سالہ نوجوان یوسین اندریس ماسکیورا کو گرفتارکرلیا ہے۔ نوجوان کو ہفتہ کو علی الصباح برسٹل کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ لاشیں بدھ کو کلفٹن سسپنشن برج پر سوٹ کیس میں ملی تھیں جبکہ ان کا بقیہ حصہ جمعہ کو اسکاٹس روڈ کے ایک گھر سے ملا تھا۔ دونوں مقتولین کی شناخت 62 سالہ البرٹ الفانسو اور 71 سالہ پال لانگ ورتھ کے نام سے ہوئی ہے۔ البرٹ الفانسو اور پال لانگ ورتھ کے اس سے پہلے آپس میں تعلقات تھے اور اب بھی اسکاٹ روڈ پر ایک فلیٹ میں رہتے تھے۔ گرفتار کیا جانے والا نوجوان مقتولین کو جانتا تھا۔ پولیس کو اس کے علاوہ اب کسی کی تلاش نہیں ہے، ملزم تھوڑے دنوں ان کے ساتھ ان کے فلیٹ میں بھی رہ چکا تھا۔ میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق لانگ ورتھ برطانوی تھے جبکہ الفانسو اصل میں فرانس کے رہنے والے تھے لیکن برطانوی شہریت رکھتے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی وہ اس مرحلے میں اس کو ہم جنس پرستی کے نتیجے میں حملہ قرار نہیں دے سکتی لیکن اسے ایک نفرت انگیز جرم کی کٹیگری میں رکھا گیا ہے، تاہم واضح شواہد ملنے پر اس خیال کو تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ پولیس اس پہلو پر بھی غور کررہی ہے کہ اس جرم کا تعلق برطانیہ اور بیرون ملک رابطوں سے تو نہیں ہے۔ ڈپٹی اسسٹنٹ کمشنر اینڈی ویلنٹائن کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ اگرچہ ابھی تحقیقات او ر تفتیش جاری ہے اور ابتدائی مرحلے میں ہمیں ان دو قتل کے حوالے سے مزید کسی فرد کی تلاش نہیں ہے۔ افسران نے پین لندن LGBTQ+ انڈیپنڈنٹ ایڈوائزری گروپ کے ساتھ کام کیا ہے اور ان کے جنسی تعلقات ثابت ہوچکے ہیں۔ تفتیش کے حوالے سے ان کے مشورے، مہارت اور سپورٹ بہت ہی فائدہ مند ثابت ہوئے، اب ملزم کو پیر کو ومبلڈن مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔