الیکشن ٹربیونل،انتخابی عذرداری کیس، پی ٹی آئی وکلا کوسٹے ختم کرانے کی ہدایت

16 جولائی ، 2024

اسلام آباد (این این ائی)الیکشن ٹربیونل نے انتخابی عذرداری کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی وکلا کو سٹے ختم کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں توروزانہ سماعت کے لیے تیار ہوں،جب تک ہائی کورٹ کاسٹے آرڈر موجود ہے،کچھ نہیں ہوسکتا ۔الیکشن ٹربیونل میں اسلام آباد کے حلقوں این اے 46، این اے 47، این اے 48 میں انتخابی عذرداریوں کی سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی۔ٹربیونل نے وکیل شعیب شاہین سے سوال کیا کہ آپ کے پاس تو تمام فارمز آ گئے ہیں اب کیا چاہیے؟ وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ میں اپنے کیس کی بات کروں گا مجھے فارمز نہیں ملے۔جسٹس طارق جہانگیری نے شعیب شاہین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ نے ٹرائل آگے بڑھانے پرسٹے دیا ہے، ہم نے تینوں ایم این ایز کو طلب کیا تھا، روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کرنے کا بھی حکم دیا تھا، میں تو روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کیلئے تیار ہوں، آپ جا کر سٹے ختم کرائیں، تمام فریقین کی جانب سے جواب آ چکا، ایک ہفتے کے اندر کیس نے ختم ہونا ہے، اگر میں 20 صفحات پر فیصلہ دوں اور کیس دوسرے ٹربیونل میں چلاجائے پھر کیا ہو گا، جب تک ہائی کورٹ کےسٹے آرڈر فیلڈ میں ہے تو کچھ نہیں ہوسکتا۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عدالتی آرڈر پر فریقین نے ابھی تک عمل درآمد ہی نہیں کیا، ای ایم ایس ریکارڈ جمع کرانے کے لیے ریٹرننگ افسر کو عدالت نے حکم دیا تھا۔الیکشن ٹربیونل نے کہا کہ 22 جولائی کو چیف جسٹس نے سماعت کرنی ہے، اگر سٹے ختم ہو گیا تو ہم سماعت جاری رکھیں گے، اس کیس کو 24 جولائی کو رکھ لیتے ہیں، آگے دیکھا جائے گا جس کے بعد الیکشن ٹربیونل نے کیس کی سماعت 24 جولائی تک کے لیے ملتوی کر دی۔