اسرائیلی ڈرون و جنگی طیارں کے حملے ، حماس عسکری کمانڈر سمیت مزید 18 فلسطینی شہید

16 جولائی ، 2024

  غزہ (خبرایجنسی) وسطی غزہ میں اسرائیلی ڈرون اور جنگی طیاروں سے گھروں اور بے گھر افراد کے کیمپوں پر حملے کئےگئے ہیں جن میں حماس عسکری کمانڈر سمیت 18فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔اسرائیلی فوج نے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں اقوامِ متحدہ کے ایک اور پناہ گزین اسکول پر حملہ کر کے 17فلسطینیوں کو شہید اور 80کو زخمی کر دیا۔ادھر حماس نے جنگ بندی مذاکرات سے دستبرداری اختیار کرنے کی خبروں کی تردید کر دی۔حماس کے سیاسی دفتر کے رکن عزت الشرق نے کہا ہے کہ اسرائیل نے حملوں میں اضافہ کر کے ثالث کا کردار ادا کرنے والے عرب دوستوں اور امریکا کی سیز فائر کی کوششوں کو کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سب کے باوجود اب تک حماس جنگ بندی کے لیے جاری مذاکراتی عمل سے دستبردار نہیں ہوئی۔ دوسری جانب فلسطینی انسانی حقوق کے گروپوں نے عالمی برادری پر اسرائیل کی طرف سے غزہ میں فلسطینیوں کے دانستہ قتلِ عام کا الزام لگا دیا۔ فلسطینی انسانی حقوق کے گروپوں کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کی جاری نسل کشی کو ختم کرنے میں عالمی برادری کی ناکامی سے اسرائیل کی حوصلہ افزائی ہوئی۔ فلسطینی گروپوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اسرائیل کی نسل کشی کی کارروائیوں کو مسلح کرنے اور مالی امداد فراہم کرنے والی ریاستیں نسل کشی سمیت دیگر جرائم میں شریک ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کے عسکری کمانڈر رافع سلامہ خان یونس میں بمباری کے دوران شہید ہوئے۔ بمباری کا مقصد حماس کے کمانڈر محمد ضیف کو نشانہ بنانا تھا۔ رافع سلامہ محمد ضیف کے قریبی ساتھیوں میں سے ایک تھے جو 7اکتوبر کے حماس کے اسرائیل پر حملے کی منصوبہ بندی کا بھی حصہ رہے۔