واشنگٹن(خبر ایجنسی) مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے پانچ سال مکمل ہونے پر کشمیری تارکین وطن 5اگست کو واشنگٹن میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کریں گے ۔ امریکہ میں مقیم کشمیریوں نے واشنگٹن میں منعقدہ ایک اجلاس میں دفعہ 370اور35Aکی منسوخی کو جس کے ذریعے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کردیاگیاتھا،پانچ سال مکمل ہونے کے موقع پر5اگست 2024کوپرامن احتجاجی مظاہرے کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ بھارت کے اس یکطرفہ اورغیر قانونی فیصلے کی دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے شدید مذمت کی تھی۔احتجاج کا مقصدکشمیریوں کی تحریک آزادی کی حمایت میں ریلی نکالنا اور بھارت کی پروپیگنڈہ مشینری کا مقابلہ کرنا ہے جس کا دعوی ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں سب کچھ معمول کے مطابق چل رہاہے۔بھارت کے جارحانہ طرز عمل اور مذموم پروپیگنڈے کے باوجود تحریک آزادی کشمیر پورے جوش وجذبے کے ساتھ جاری رہے گی۔اجلاس میں ممتاز کشمیری رہنمائوں نے شرکت کی جن میں ڈاکٹر غلام نبی فائی، سردار ظریف خان، راجہ لیاقت کیانی اور دیگر شامل تھے۔