پشاور(صباح نیوز) عوامی نیشنل پارٹی نے حکومت کا پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ پچگانہ قرار دے دیا۔حکومتی فیصلے پر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان انجینئر احسان اللہ خان نے بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت کا پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ پچگانہ اور غیر دانشمندانہ ہے، سیاسی جماعتوں کا راستہ پابندیوں اور رکاوٹوں سے بند نہیں کیا جاسکتا، تحریک انصاف سے سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن حکومت کا یہ اقدام بیوقوفی ہوگی۔ملک کو مسائل کا گڑھ سیاسی جماعتوں نے نہیں دفاعی اداروں اور اسٹیبلشمنٹ نے بنایا ہے، ان لوگوں کی نشاندہی کرنی ہوگی جو سیاسی عدم استحکام اور معاشی مشکلات کے اصل ذمہ دار ہیں، ملک کے مجرم وہ ہیں جنکی وجہ سے ہماری خارجہ و داخلہ پالیسیاں ناکامی سے دوچار ہیں، سیاسی جماعتوں کو جن قوتوں نے اس نہج پر پہنچایا ہے اصل احتساب ان کا ہونا چاہئے، ان کو تسلیم کرنا ہوگاکہ انہوں نے ملک کے آئین، سیاسی جماعتوں اور عوام کے ساتھ زیادتی کی ہے، اسٹیبلشمنٹ سیاست میں مداخلت کرتی رہے گی تو بہتری کی امید محض خام خیالی ہوگی،تحریک انصاف کی پرورش کرنے اور انکو طاقت دلانے والے بھی یہی لوگ ہیں، تحریک انصاف کو موجودہ مقام پر لاکر کھڑا کرنے والے بھی یہی قوتیں ہی ہیں، پی ٹی آئی کو پروان چڑھانے سمیت دفاعی ادارے اور اسٹیبلشمنٹ کو اپنی تمام غلطیاں ماننی ہوگی ، انکو آئینی دائرہ اختیار تک محدود ہونا ہوگا، تب ہی آگے بڑھنے کا راستہ ملے گا۔