نوجوان نسل کو اہلبیت اطہار اور صحابہ کرام کی سیرت اور عظمت سے روشناس کرانا ہو گا،علمائے کرام ،کیتھلے میں شہادت امام حسین ؓ کانفرنس

16 جولائی ، 2024

کیتھلے (محمد رجاسب مغل) مرکزی جامع مسجد کیتھلے میں مسلم ایسوسی ایشن کیتھلے کے زیر اہتمام شہادت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کانفرنس منعقد کی گئی الحاج شوکت میرپوری کی زیر صدارت ہونے والی اس کانفرنس میں پاکستان اور برطانیہ کے جید علماء کرام نے شرکت کی مفتی محمد خورشید عالم صابری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام حسینؓ اور نبی ﷺ کے خانوادہ نے دین محمدی کو تحریف یزیدیت سے بچایا امام حسین ؓنے اعلیٰ دینی اقدار کی پاسبانی، اہداف ِ اسلامی کے حصول کیلئے شہادت کو معراج عطا فرمائی اور یزید کی ہر خواہش کو ٹھکرا کر دنیا پر واضح کر دیا کہ خاصانِ الٰہی کسی دور میں اور کسی مقام پر بھی یزیدیت و آمریت اور استعماریت کے سامنے ہر گز نہیں جھکتے باطل ظاہری طور پر کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو جب امام حسینؓ کی سیرت ، زندگی آپؓ کی تعلیمات اور اسوہ سامنے رکھا جاتا ہے تو بڑے سے بڑا باطل بھاگ جاتا ہے اور حق کو اللہ پاک فتح فرماتا ہے۔ یزید رہتی دنیا تک ہمیشہ کیلئے مفتوح اور مفرور ہو گیا اور امام حسین ؓکا نام ہمیشہ کیلئے زندہ جاوید رہے گا ۔مسلم ایوسی ایشن کیتھلے کے صدرالحاج شوکت میرپوری نے فلسفہ شہادت امام حسینؓ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شہادت امام حسینؓ سے ہمیں مظلوم کا ساتھ دینے اور حق کے ساتھ کھڑے ہوکر ظالم اور باطل طاغوتی طاقتوں کے سامنے سینہ سپر ہونے کا درس ملتا ہے۔ علامہ مفتی محمد اسلم خان نقشبندی صدر سنی علماء مشائخ کونسل میرپور آزادکشمیر نے کہا کہ دنیا بھرمیں اٹھنے والی آزادی اور حریت کی تحریکیں ساری کی ساری امام حسین رضی اللہ تعالیٰ کے افکار تازہ سے ہی خیرات لے کر ہی وقوع پذیر ہوتی ہیں اور ظلم اور جبر کے خلاف اٹھنا اور اس کے خلاف مزاحمت کرنا حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ کا اُسوہ ہے۔ علامہ مفتی محمد اسلم بندیالوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو اہلبیت اطہار اور صحابہ کرام کی سیرت اور عظمت سے روشناس کرانا ہو گا تاکہ آنے والے فتنوں سے محفوظ رہیں کانفرنس سے علامہ مفتی طیب نقشبندی،علامہ نواز بشیر جلالی ،علامہ قدیر احمد زاہدی ،علامہ مقصود احمد طاہر ،علامہ امام اظہر ،پیر سید محمد کامل ،شیخ امام زبیر ،الحاج ظفر اقبال جماعتی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذکر شہدائے کربلا کرنا سنت نبوی ہے محبت اہل بیت اطہار علیہم السلام قرآن کریم، احادیث نبوی، عمل صحابہ کرام اور تعلیمات فقہاء سے ثابت ہے محبت اہل بیت کے بغیر ایمان کامل نہیں ہو سکتا آخر میں امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔