سٹاک مارکیٹ انڈیکس81156کی نئی تاریخی ریکارڈ سطح پر آگیا

16 جولائی ، 2024

لاہور(سودی)نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان رہا اڑھائی سو سے زائد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ سمیت انڈیکس اور مجموعی مالیت بھی غیر معمولی طور پر بڑھ گئی جبکہ انڈیکس بڑھ کر نئی تاریخی ریکارڈ سطح پر آ گیا جس کے نتیجہ میں 81ہزار کا بیئریر بھی کراس ہو گیا۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہی تیزی سے ہوا جس میں دن بھر اضافہ ہوتا رہا اور ایک موقع پر انڈیکس 1484پوائنٹ تک بڑھ گیا جبکہ آخر میں آنے والی پرافٹ ٹیکنگ سے یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔ مارکیٹ میں گزشتہ روز بھی حصص کی قیمتوں اور کاروباری حجم میں مصنوعی اضافہ کا عمل بعض کمپنیوں میں جاری تھا اور سٹہ باز مصنوعی تیزی مندا پیدا کرتے رہے جس کے باعث سیاسی فرنٹ پر آنے والی منفی خبریں بھی بے اثر رہیں جبکہ تیزی کی وجہ آئی ایم ایف کے ساتھ 37ماہ کے دوران 7ارب ڈالر ملنے کیلئے سٹاف لیول معاہدہ ہونے کی خبریں بنیاد بنائی گئیں۔ مارکیٹ میں زیادہ سرگرمی آٹو ، آئی ٹی، فرٹیلایزر، بینک سیکٹر میں تھی گزشتہ روز بینکوں، نجی سرمایہ کاروں، کمپنیوں، بروکروں اور آرگنائزیشنز نے نیٹ سیل کی جبکہ انشورنس کمپنیوں، میوچل فنڈز اور بیرونی اداروں کی نیٹ خریداری تھی۔ اختتام پر انڈیکس 1212پوائنٹ اضافہ سے 81156پر آ گیا 265کمپنیوں میں اضافہ 141میں کمی، 51میں استحکام رہا 44کروڑ 13لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔