اسرائیل کے غزہ پر زمینی،سمندری اور فضائی حملے،بچوں سمیت متعدد فلسطینی شہید

16 جولائی ، 2024

غزہ (اے ایف پی) اسرائیل نے گزشتہ روزغزہ کی پٹی کو فضا، سمندر اور زمین سے نشانہ بنایا، فلسطینی سرزمین پر جنگ کے تھمنے کے آثار نظر نہیں آتے،جبکہ حماس نے جنگ بندی کے مذاکرات سے دستبردار ہو نے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔اسرائیل نے غزہ شہر میں تل الحوا، شیخ عجلین اور الصابرہ پر گولوں کی برسات کردی، عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے المغرقا کے علاقے اور نصیرات مہاجر کیمپ کے شمالی مضافات میں گولہ باری کی۔فلسطینی ہلال احمر کے طبی عملے نے کہا کہ انہوں نے غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے المغازی کیمپ میں اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد تین بچوں سمیت پانچ افراد کی لاشیں نکال لی ہیں۔دریں اثنا، عینی شاہدین نے جنوبی غزہ میں خان یونس کے مشرق میں اسرائیلی مسلح افراد کی فائرنگ اور جنوبی شہر رفح کے مغربی علاقوں میں شیلنگ اور اپاچی ہیلی کاپٹر کے حملوں کی اطلاع دی۔اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ وہ ساحلی علاقے میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔