آل پارٹیز حریت کانفرنس کا 19 جولائی کو”الحاق پاکستان ریلی“ کے انعقاد کا اعلان

16 جولائی ، 2024

لاہور(نمائندہ خصوصی) آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنونیئر غلام محمد صفی نے حریت قائدین شیخ محمد یعقوب، محمد شفیع ڈار اور زاہد اشرف کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر ہاؤس تا مسجد شہدا ”الحاق پاکستان ریلی“ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ ہندوستان غاصب ہے اور کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہم پاکستان کے شکرگزار ہیں کہ انھوں نے ہر فورم پر کشمیریوں کی نمائندگی کی۔ کشمیری برسوں سے آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم، جور وجفا، جبرواستبداد کی اصل ذمہ دار مودی اور اس کے آلہ کار ہیں۔ بھارت کشمیر پر ناجائز تسلط قائم کیے ہوئے ہے اور کشمیریوں سے آزادی سے جینے کا حق چھین رہا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی جدوجہد رنگ لائے گی۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ 19جولائی کو اقبال کے شہر لاہور کشمیریوں کا مقدمہ لڑنے کے لیے ”الحاق پاکستان ریلی“ کا انعقاد کریں گے جس میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا۔