PTI، پابندی کی تجویز، نیا پنڈورا باکس، عمران، علوی، سوری کیخلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے گا، ریفرنس سپریم کورٹ بھیجیں گے، وزیر اطلاعات

16 جولائی ، 2024

اسلام آباد ( طاہر خلیل ، نیوز ایجنسیاں ) وفاقی حکومت کی تحریک انصاف پر پابندی کی تجویز ‘نیا پنڈوراباکس کھل گیا‘وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے غیر قانونی سرگرمیوں پر پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنے‘ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر نظرثانی کی اپیل دائر کرنے ‘بانی پی ٹی آئی عمران خان ‘ سابق صدر عارف علوی اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے‘آرٹیکل 6 لگانے کا ریفرنس سپریم کورٹ میں بھیجا جائے گا،ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث بیرون ملک بیٹھے عناصرکے خلاف کارروائی ہوگی‘بس بہت ہوگیا‘اب مزید نہیں ، پی ٹی آئی اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ ملک کو آگے لے جانا ہے تو شرپسند عناصر پر پابندی لگانا ہوگی، آئی ایم ایف کو خط لکھنا پی ٹی آئی کے ملک دشمن ایجنڈے کا حصہ تھا، ایک سیاسی جماعت کو وہ حق دیا گیا جو اس نے مانگا ہی نہیں تھا، حکومت کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کریگی۔ وہ پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ گزشتہ چند روز سے ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،ایک فلمی ٹریلر چلایا جارہا ہے جو سات خون معاف کے نام سے ہے اور بتایا جارہا ہے کہ ہم پر کوئی ہاتھ نہیں ڈال سکتا ‘ہماری قیادت کی پہلی صف کو جیلوں میں ڈالا گیا تو اف تک نہیں کی، بانی پی ٹی آئی بدترین لیڈر ہے، انہوں نے انتقام کی آگ کو بجھانے کیلئے بہن، بیٹیوں کو جیلوں میں ڈالنے کی روایات ڈالیں،ہماری دانشمندی کو ہماری کمزوری سمجھا گیا۔2014ءکے دھرنوں سے آج تک ایک مخصوص مائنڈ سیٹ کو پروان چڑھایا جارہا ہے،اب ملک کے ساتھ کھلواڑ نہیں ہونے دیں گے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ ذرائع سے فنڈنگ لی ‘9مئی کو ملکی دفاع پر ذاتی مفاد میں حملہ کیا، بانی پی ٹی آئی کا پورا خاندان اس حملے میں ملوث تھا، بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں کور کمانڈر ہائوس کے باہر موجود تھیں‘بانی پی ٹی آئی نے انتشار اور تشدد کی سیاست کو فروغ دیا‘پی ٹی آئی حکومت ہی ٹی ٹی پی کو واپس لائی، ایک طرف یہ دہشتگردوں کو لا کر پناہ گاہیں دے رہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ یہ ملک کی سالمیت میں کردار ادا کرینگے اور دوسری طرف انہوں نے جی ایچ کیو اور کورکمانڈرہاؤس پر حملہ کیا‘نیشنل ایکشن پلان کو ختم کیا۔ پی ٹی آئی نے سائفر کا ڈرامہ رچایا‘عالمی سطح پر ملک کے تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی‘ انہی وجوہات کی بنا پر وفاقی حکومت تحریک انصاف پر پابندی لگانے کے لئے کیس دائر کرے گی۔تحریک انصاف نے غیر آئینی طور پر اسمبلیوں کو توڑا، آئی ایم ایف کو خط لکھنا پی ٹی آئی ملک دشمن ایجنڈے کا حصہ تھا‘پی ٹی آئی نے آئین کی خلاف ورزی کی، تحریک عدم اعتماد کے ہوتے ہوئے اسمبلیوں کو تحلیل کیا، اس وقت کے صدر عارف علوی، اس وقت کے وزیراعظم عمران خان نیازی اور اس وقت کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا ریفرنس کابینہ کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ کو بھجوایا جائے گا ۔ عطاتارڑ نے کہا کہ بیرون ملک کچھ مخصوص لابیاں پاکستان کی سالمیت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں‘ملک کے خلاف سازشوں میں ملوث بیرون ملک موجود لابیوں کے خلاف حکومت نے تادیبی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے،پاکستان سے باہر بیٹھ کر ممنوعہ فنڈنگ وصول کر کے ملک کے خلاف مہم چلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ہم نے تحمل، بردباری اور دانشمندی کا مظاہرہ کر کے دیکھا لیکن اسے ہماری کمزوری سمجھا گیا، اب یہ چیئرمین نیب کو ٹارگٹ کر رہے ہیں، پریشر ڈالا جا رہا ہے کہ نیب توشہ خانہ کے کیسز سے پیچھے ہٹ جائے۔انہوں نے آئی ایم ایف ڈیل کو سبوتاژ کیا، ملک کو ڈیفالٹ کے دھانے پر پہنچایا اور سائفر کے ساتھ کھلواڑ کیا، انہوں نےبھائی کوبھائی، باپ کو بیٹے سے لڑایا،بانی پی ٹی آئی نے خود خواتین کو جیلوں میں ڈالنے کی روایت ڈالی، مخصوص ذہنیت کو پروان چڑھایا جارہا ہےانہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ ثابت، نو مئی کے حملے ثابت اور دہشتگردوں کو واپس لانا ثابت، امریکا میں قرارداد ثابت ہوگئی، ان ساری چیزوں کے علاوہ سائفر کا کھیل رچایا گیا، ان تمام چیزوں، ثبوتوں کو دیکھتے ہوئے وفاقی حکومت پی ٹی آئی کو بین کرنے کے لیے کیس دائر کرے گی۔