وزیراعلیٰ مریم نواز نے بڑھتے گندم نرخ میں 3سو فی من کمی کر ا دی

16 جولائی ، 2024

اسلام آباد ( رپورٹ:حنیف خالد) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز حکومت کی عوام دوست حکمت عملی رنگ لانے لگی اور وزیراعلیٰ مریم نواز نے بڑھتے گندم نرخ میں 3سو فی من کمی کر ا دی اس کا فائدہ پورے پنجاب کے کروڑوں عوام کو پہنچنا شروع ہو گیا ہے۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی تین روزہ ملک گیر ہڑتال دس روز کیلئے موخر کرانے میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز نے جو انشمندانہ پالیسی اختیار کی اسکے نتیجے میں اوپن مارکیٹ میں دیسی گندم کی قیمتیں بڑھنے کی بجائے پیر 15جولائی کو کم ہو گئیں۔ ملک گیر ہڑتال سے پہلے فلور ملز مالکان کو چونتیس سو روپے فی چالیس کلو گرام کے ریٹ پر بھی دیسی گندم شمالی اور وسطی پنجاب میں دستیاب نہ تھی لیکن 15جولائی کو اوپن مارکیٹ میں گندم کے ریٹ 31سو روپے فی چالیس کلو گرام تک نیچے آ گئے ہیں۔ چند مارکیٹوں میں دیسی گندم اکتیس سو سے بتیس سو روپے فی من تک بھی فروخت ہوتی رہی۔ پنجاب کے عوام نے وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز کی طرف سے ہڑتال ختم کرانے میں کردار ادا کرنے کے بعد حکومت سے بھرپور تعاون شروع کر دیا ہے۔ پیر 15جولائی کو بیس کلو آٹا تھیلے کے ریٹ جو تین روزہ ہڑتال کے دوران بائیس سے چوبیس سو روپے تک چلے گئے تھے وہ کم ہو کر 18سو روپے فی بیس کلو تھیلا تک نیچے آ گئے ہیں۔ بعض برانڈ کے بیس کلو آٹا تھیلے کے ڈیلر ریٹ 1775روپے جبکہ خوردہ ریٹ 18سو روپے ہو گئے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبہ بھر کے عوام کو معیاری دیسی گندم کا آٹا کم سے کم نرخوں پر مہیا کرنے میں تعاون کرنے پر پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کے چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو‘ انکی ٹیم اور پنجاب کے گیارہ سو سے زائد فلور ملز مالکان کی غریب دوستی کو شاباش دی ہے۔ دریں اثناء 22جولائی تک اگرچہ فلور ملز مالکان نے ہڑتال موخر کی ہے مگر وزیراعظم شہباز شریف کے ’’جو کام کرنا ہے کر ڈالو‘‘ کے اصول پر ایف بی آر میں کئی گھنٹے مذاکرات جاری رہے۔ اس دوران خوشگوار ماحول میں قابل عمل تجاویز تیار ہونے لگیں ۔ وزیراعظم کی سینئر وزراتی ٹیم وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ‘ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ‘ وزیر مملکت خزانہ علی پرویز ملک اور چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عاصم رضا احمد اور ٹیکس کمیٹی کے مرکزی چیئرمین فرخ شہزاد اور رفقاء کے ساتھ آن لائن اور بالمشافہ ود ہولڈنگ ٹیکس‘ ٹرن اوور ٹیکس‘ ایڈوانس ٹیکس اور میکسی مم ڈیمانڈ انڈی کیٹر چارجز کے ایشو کو اتفاق رائے سے حل کرنے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا اور کئی پوائنٹس طے کر لئے۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے ایک عہدیدار کے مطابق 18اور 19جولائی جمعرات جمعہ تک امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ وفاقی بجٹ میں آٹے پر جو محصولات لگائے اور بڑھائے گئے ہیں ان میں فریقین افہام و تفہیم سے اس طرح طے کر لیں گے کہ ملک میں آٹے کے صارفین پر بوجھ نہ پڑے۔