صرف آمروں کے دور میں سیاسی جماعتوں پر پابندیاں لگیں،تجزیہ کار

16 جولائی ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق کے سوال تحریک انصاف پر پابندی، آرٹیکل چھ لگانے کا اعلان، حکومت کو فائدہ ہوگا یا نقصان؟ کا جواب دیتے ہوئے پاکستان میں صرف آمروں کے دور میں سیاسی جماعتوں پر پابندیاں لگیں،حکومت ملک چلانے میں ناکام ہو کر مایوسی میں ایسی حرکتیں کررہی ہے،سیاسی جماعتوں کی حکومت میں ایک سیاسی جماعت پر پابندی کی کوشش سے بڑی کوئی حماقت نہیں ہوسکتی، پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ افسوسناک اور شرمناک ہے، یہ اقدام ن لیگ کیلئے عبرتناک بھی ہوسکتا ہے۔پروگرام میں تجزیہ کار فخردرانی ،ارشادبھٹی اور سلیم صافی نے اظہار خیال کیا۔فخر درانی نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے سے حکومت کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، سیاسی جماعتوں کی کوشش ہوتی ہے کسی سیاسی جماعت پر پابندی نہ لگے، پاکستان میں صرف آمروں کے دور میں سیاسی جماعتوں پر پابندیاں لگیں، ایسا نہیں لگتا کہ سپریم کورٹ پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ دے سکتی ہے، پی ٹی آئی کے آفیشل سوشل میڈیا سے آج بھی اداروں اور آرمی چیف کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔ ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ ملک کی سب سے مقبول جماعت پی ٹی آئی پر پابندی لگانا انتہائی بونگا اقدام ہے،پندرہ مہینے بعد حکومت سپریم کورٹ میں جاکر کیا ثابت کرے گی، حکومت ملک چلانے میں ناکام ہو کر مایوسی میں ایسی حرکتیں کررہی ہے، تحریک انصاف کو نہ صرف مخصوص نشستیں واپس مل گئی ہیں بلکہ اسے بحیثیت سیاسی جماعت بھی تسلیم کرلیا گیا ہے۔ سلیم صافی نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ افسوسناک اور شرمناک ہے، یہ اقدام ن لیگ کیلئے عبرتناک بھی ہوسکتا ہے، سیاسی جماعتوں کی حکومت میں ایک سیاسی جماعت پر پابندی کی کوشش سے بڑی کوئی حماقت نہیں ہوسکتی، پیپلز پارٹی اگر حکومتی فیصلے میں شامل نہیں تو حکومت سے علیحدہ ہوجائے، پیپلز پارٹی ن لیگ کے کسی اقدام سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی۔