اسٹاک مارکیٹ، تیزی کی بڑی لہر، 80 اور 81 ہزار پوائنٹس کی حد عبور

16 جولائی ، 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج، آئی ایم ایف سے معاہدہ طے پا جانےکے مثبت اثرات، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی زبردست سرگرمی ، تمام اہم سیکٹرز میں خریداری سے مارکیٹ میں تیزی کی بڑی لہر، کے ایس ای 100انڈیکس 1212پوائنٹس کے اضافے سے 80 اور 81ہزار پوائنٹس کی نفیساتی حد عبور کرتے ہوئے نئی ریکارڈسطح پر پہنچ گیا،57.98فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی، سرمایہ کاری مالیت میں 97 ارب 45کروڑ 40لاکھ روپے کا نمایاں اضافہ، کاروباری حجم بھی 0.91فیصد زیادہ رہا، تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 7ارب ڈالر کا نیا طویل المدتی معاہدہ ہو جانے کی خبروں سے نئے کاروباری ہفتے کو مارکیٹ 799پوائنٹس کے اضافے سے پر کھلی جس کے بعد تمام اہم سیکٹرز میں سرمایہ کار سرگرم نظر آئے اور تیزی کی ایک بڑی طوفانی لہر سےایک موقع پر 100 انڈیکس پہلے 80ہزار اور پھر81ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے 1484 پوائنٹس تک پلس میں چلا گیا تاہم اختتام پر کے ایس ای1211.51 پوائنٹس کے اضافے سے 79944.10 پوائنٹس سے بڑھ کر 81155.61 پوائنٹس پر آکر بند ہوا۔