جادو کی چھڑی نہیں آتے ہی معاملات ٹھیک کردوں، وزیر داخلہ سندھ، تہوار پر کرائم بڑھ جاتا ہے، آئی جی

16 جولائی ، 2024

کراچی( اسٹاف رپورٹر )وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نےکہا ہے کہ میرے پاس جادو کی چھڑی نہیں کہ آتے ہی معاملات ٹھیک کردوں ، سازشی آدمی نہیں ، اسٹریٹ فارورڈ ہوں، سازش کی تو میرے محکمے کا بیڑا غرق ہو جائے گا، کسی بھی علاقے میں منظم جرائم کی صورت میں متعلقہ ضلعی افسر پر ذمہ داری عائد کی جائے گی۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ تہوار پر جرائم بڑھ جاتا ہے ، جنوری میں یومیہ 252وارداتیں روز ہورہی تھیں، جون میں یہ کم ہوتے ہوتے 165یومیہ تک آ گئیں، پولیس کوششیں کررہی ہیں جس کے مثبت نتائج مل رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سینٹرل پولیس آفس میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ شارع فیصل پر پولیس مقابلے میں عمدہ کارکردگی پر ایس ایس پی ایسٹ اور انکی ٹیم کیلئے 5 لاکھ انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔محرم الحرام کے ایونٹس کے دوران سندھ پولیس اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے جبکہ اس ضمن میں کراچی الیکٹرک سے بھی بات چیت کی گئی ہے کہ محرم کے تین یوم تک لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ انتہائی اہم شخصیات پر مشتمل ہندو کمیونٹی کے افراد کے اغواء میں ملوث خطرناک ڈاکو امداد عرف اندو بھیو بالآخر جہنم واصل ہوا جس کی ہلاکت سے ہندو کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں سندھ پولیس کے حق میں نعرے بھی لگائے۔انہوں نے کہا کہ جادو کی چھڑی میرے پاس نہیں ہے کہ آتے ہی معمالات ٹھیک کردوں ۔سندھ پولیس کے افسران اور جوان ہمارے بازو ہیں ۔چیف منسٹر صوبے کے باس ہیں ہم ان کی باتوں کو اتنا ہی مانتے ہیں جتنا آئی جی صاحب مانتے ہیں ۔سازشی آدمی نہیں ہوں اسٹریٹ فارورڈ آدمی ہوں۔