پی ٹی آئی پر پابندی کا حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی، رانا ثناء اللہ

16 جولائی ، 2024

اسلام آباد (انصار عباسی) وزیراعظم کے اہم سیاسی معاون اور نون لیگ کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ حتمی فیصلہ کرے گی کہ پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائے یا نہیں۔ جب اُن سے یہ پوچھا گیا کہ کیا پی ٹی آئی پر پابندی عائد کی جا رہی ہے جیسا کہ وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے، تو اس پر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اس بات کا فیصلہ کابینہ کرے گی کہ یہ اقدام کرنا ہے یا نہیں۔ دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں دو ہی آپشنز ہیں، اول، بات چیت کرنا ہے جس کیلئے عمران خان تیار نہیں، دوم، حکومتی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ملک کو عمران خان اور پی ٹی آئی کی منفی سیاست سے بچایا جائے۔