آزادانہ، منصفانہ اورغیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے کوشاں ہیں،چیف الیکشن کمشنر

16 جولائی ، 2024

لاہور(نمائندہ خصوصی)چیف الیکشن کمشنرآف پاکستان سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدرانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے مسلسل کوشاں ہیں ، الیکشن کمیشن عوام کی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے۔چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان نے اوکاڑہ میں الیکشن کمیشن کے نوتعمیر شدہ دفتر کا افتتاح کردیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنرآف پاکستان نے نو تعمیر شدہ عمارت کا مکمل دورہ کیااور تعمیر کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نےصوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان ، ریجنل الیکشن کمشنر ساہیوال سید باسط علی، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اوکاڑہ محمد شفیق، الیکشن آفیسر قمر حسنین مدثر اصغر اور زاہد کامران کو تعمیری منصوبہ بروقت مکمل کرنے پر مبارک باد دی۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ قدم عوام کے اعتماد کو بڑھانے اور انتخابات کے عمل کو بہتر بنانے کی ہماری کوششوں کا حصہ ہے۔انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ اس احسن اقدام سے اوکاڑہ کی عوام بہتر سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ نئے تعمیر کئے گئے دفتر میں جدید انفراسٹرکچر، اعلیٰ معیار کے کمیونیکیشن سسٹمز اور بہترین فائل مینجمنٹ سسٹم شامل ہیں جو الیکشن کے تمام مراحل کو زیادہ آسان اور مؤثر بنائیں گے۔ اس کے علاوہ، دفتر میں عوام کو الیکشن سے متعلق سہولیات مہیا کرنے کے تمام تر تقاضوں کو پورا کیا گیا ہے۔