امام حسینؓ کی شہادت امت مسلمہ کیلئے عظیم درس ہے، صدر مملکت

17 جولائی ، 2024

اسلام آباد(اے پی پی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ امام حسینؓ کی شہادت امت مسلمہ کیلئے عظیم درس ہے، موجودہ دور میں ہمیں واقعہ کربلا سے سبق سیکھتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے ظلم و جبر اور باطل قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ منگل کو ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے یوم عاشورہ ، 10 محرم الحرام کے موقع پر پیغام میں کہا کہ یومِ عاشورہ کو اسلامی تاریخ میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ یہ دن رسول اللہ ﷺ کے نواسے حضرت امام حسینؓ کی میدان ِکربلا میں شہادت کی یاد تازہ کرتا ہے۔ آج کے دن امام حسینؓ اور ان کے وفادار ساتھیوں نے ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ کر اسلامی اقدار کے احیاء اور امت ِمسلمہ کے حقوق کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ کی شہادت امت مسلمہ کے لیے عظیم درس ہے۔ حضرت امام حسینؓ نے شدید دباؤ اور مشکلات کے باوجود ظالم اور جابر حکمران کے خلاف کلمہ ِحق بلند کیا۔ آپ اور آپ کے ساتھیوں نے اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے جرات مندانہ مؤقف اپنایا اور ظلم اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ گئے۔ آپ نے امت ِمسلمہ کو ظلم کے خلاف آواز اٹھانے اور آزمائشوں کے سامنے ثابتِ قدم رہنے کا درس دیا۔