PTIپر پابندی کا فیصلہ اتحادیوں سےمشاورت سے کرینگے،اسحاق ڈار

17 جولائی ، 2024

لاہور(اے پی پی)نائب وزیر اعظم و سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی و اقتصادی لحاظ سے مضبوط کرنے کیلئے وزیر اعظم محمد شہبازشریف دن رات کام کررہے ہیں، ابھی تحریک انصاف پر پابندی کا فیصلہ نہیں ہوا ،اس معاملے پر اتحادیوں سے مشاورت کریں گے جس کے بعد فیصلہ قانون و آئین کے مطابق کیاجائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز لاہور میں داتا دربار کو غسل دینے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت مہنگائی نہیں لائی ،پاکستان کو اس وقت یاد کریں جب محمد نوازشریف کو نکال کر ملک کی بری حالت کی گئی۔ جو پہلے اقتدار میں آئے وہ ملک کو چھ سے سات ماہ میں ڈیفالٹ کرکے چلے گئے،پی ٹی آئی دور میں ملکی معیشت چوبیسویں سے سینتالیسویں نمبر تک پہنچ گئی۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کو حکومت کا شوق نہیں تھا اگر اقتدار میں نہ آتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا ،محمد شہبازشریف اور ان کی ٹیم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ اب بڑے ممالک پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کو مضبوط کررہے ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ جماعت ہے،پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمیشن کے پاس فارن فنڈنگ کے ثبوت موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کی طرح صبح شام ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی نیب کو نہیں بلاتے، ہمیں ملکی سلامتی سب سے زیادہ عزیزہونی چاہئے جبکہ قومی سلامتی کے خلاف کوئی بات نہیں سنیں گے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ نو مئی کے واقعہ میں جو لوگ ملوث ہیں انہیں سزا ملنی چاہئے۔