پابندی سے کچھ حاصل نہیں، قانون کی حکمرانی ہونی چاہئے، شیری رحمٰن

17 جولائی ، 2024

اسلام آباد( پی پی آئی)پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے پی ٹی آئی پر پابندی کے حکومتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ میں سمجھتی ہوں اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، پارٹی کا جو بھی فیصلہ ہوگا اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔پی پی آئی کے مطابق شیری رحمان کا کہناتھا کہ ہمیں کوئی عندیہ نہیں تھا اس طرح کوئی کام ہو رہا ہے،ہم نے ان سے کہا تھا اس طرح نہیں کیجیے، اتحاد اس طرح نہیں چلتے،آپ نے بجٹ میں بھی دیکھا ہم اپنی رائے کے مطابق کچھ کر نہیں سکے،کسی چیز کو آپ روک نہیں سکتے، ملک میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہئے۔ پیپلزپارٹی کی سینئر رہنمانے کہاکہ اجتماعی دانش سے مستفید ہونا چاہئے ، لوگوں سے پوچھنا چاہئے،ہر جماعت کو سوچنا چاہئے مسائل کیا ہیں، ملک کو مشکلات سے نکالنے کا حل دینا چاہئے،ہماری کوشش ہے کہ ملک کو مسائل سے باہر نکالیں۔