پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے سے کوئی اثر نہیں پڑے گا،بیرسٹرسیف

17 جولائی ، 2024

پشاور(صباح نیوز)خیبر پختو نخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے سے کوئی اثر نہیں پڑے گا، ان کو پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا کوئی اختیار نہیں۔ایک بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ہم چیلنج کرتے ہیں آئیں ہمت کریں، سپریم کورٹ جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں ان کا فیصلہ ان کے گلے پڑے گا، ہم ان کا مقابلہ ہر میدان میں کریں گے۔مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ حکومت مخالف تحریک کا آپشن کھلا ہے، اسلام آباد میں عنقریب ہمارا جلسہ ہوگا۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ آرٹیکل 6 اور پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ ن لیگ کے اندرونی خلفشار کا نتیجہ ہے، مسلم لیگ( ن) کے اندر اقتدار کی لڑائی اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والی ہے۔ا نہوںنے کہا کہ 8 فروری کو پی ٹی آئی مقبول ترین جماعت کے طور پر ابھری ہے، سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں کے کیس پر وفاقی حکومت کو سبکی ہوئی۔