بنگلہ دیش:وزیراعظم کے چپڑاسی کے اکائونٹ سے400کروڑ برآمد ہونے کا انکشاف

17 جولائی ، 2024

ڈھاکہ(آئی این پی)بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ کے سابق اردلی کے اکائونٹ سے مبینہ طور پر400 کروڑ روپے برآمد ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔اس انکشاف کے بعد بنگلہ دیش کے مرکزی بینک نے وزیر اعظم شیخ حسینہ کے سابق پرسنل اسسٹنٹ جہانگیر عالم، ان کی اہلیہ اور وزیراعظم سے متعلقہ کئی اداروں کے بینک اکائونٹس کو ضبط کرنے کا حکم دیا۔ایک پریس کانفرنس میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ میرے گھر میں بطور چپڑاسی کام کرتا تھا اور اب وہ 400 کروڑ روپے کا مالک بن بیٹھا ہے۔پریس کانفرنس کے بعد بنگلہ دیش بینک کے فنانشل انٹیلی جنس یونٹ نے منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ کے تحت جہانگیر عالم اور ان کی اہلیہ کے بینک اکائونٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔دوسری جانب جہانگیرعالم کا مقف سامنے آیا ہے۔ انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ انہیں نہیں لگتا کہ وزیر اعظم ان کی طرف اشارہ کر رہی تھیں۔ان کا دعوی ٰہے کہ انھوں نے کرپشن نہیں کی میرے تو پورے خاندان کے پاس اتنا پیسہ نہیں ہو گا۔ اور میرے پاس جو کچھ ہے میں نے ٹیکس فائل میں اس کا ذکر کیا ہے۔تاہم اینٹی کرپشن کمیشن کے وکیل خورشید عالم خان کا کہنا ہے کہ ایک چپڑاسی یا پرسنل اسسٹنٹ کے پاس 400 کروڑ روپے نکلنا غیر معمولی ہے لہٰذا کمیشن اس کی چھان بین کر سکتا ہے۔