مطالبات تسلیم ہونے تک فیض آباد میں دھرنا جاری رہے گا ،تحریکِ لبیک

17 جولائی ، 2024

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) مظلوم فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کے لیے تحریکِ لبیک پاکستان نے راولپنڈی اسلام آباد کے سنگم فیض آباد انٹرچینج پر دھرنا منگل کو چوتھے روز بھی جاری رکھا ، تحریک لبیک علامہ سعد رضوی کا مطالبہ ہے کہ حکومت پاکستان مظلوم فلسطینیوں تک غذائی و طبی امداد فی الفور پہنچائے، حکومت سرکاری سطح پر اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کرے اور اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو دہشت گرد قرار دیا جائے۔مطالبات تسلیم ہونے تک فیض آباد میں دھرنا جاری رہے گا ، جماعت اسلامی کے سینیٹر (ر) مشتاق احمد کی قیادت میں سیف دی غزہ موومنٹ کے کارکنوں نے بھی فیض آباد دھرنا میں شرکت کی پیر کو بھی مزاکرات کی حکومتی خواہش سرے نہ چڑھ سکی ، تحریکِ لبیک پاکستان نے لبیک یا اقصیٰ مارچ نکالتے ہوئے فیض آباد پہنچ کر اپنے تین مطالبات تسلیم ہونے تک فیض آباد فلائی اوور پر دھرنا دیا ہوا ہے اور فیض آباد سے ٹریفک کے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں ۔لیاقت باغ راولپنڈی سے شروع ہونے والا اقصی مارچ فیض آباد پہنچا تو علامہ سعد رضوی کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہم ادھر ہی بیٹھے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے حکومت پاکستان سے صرف تین مطالبات ہیں ۔حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرئےاور اس ضمن میں فوری عمل درآمد کیا جائے۔