فورسز کی قربانیوں پر فخر،دہشتگردی کے ناسور کوجڑسے اکھاڑ پھینکیں گے،وزیراعلیٰ بگٹی

17 جولائی ، 2024

کوئٹہ (خ ن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بنوں چھاؤنی میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ایک بڑا دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ وزیر اعلیٰ نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں نائب صوبیدار محمد شہزاد ، حوالدار ظل حسین ، حوالدار شہزاد احمد ، سپاہی اشفاق حسین خان، سپاہی سبحان مجید، سپاہی امتیاز خان، سپاہی ارسلان اسلم اور فرنٹئیر کانسٹیبلری کے لانس نائیک سبز علی کے بلند درجات کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے فورسز کی لازوال قربانیوں پر فخر ہے اوردہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے کے لئے قوم اپنے سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم سب ملکر دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، وزیر اعلیٰ نے شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ درایں اثنا ء  وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے  پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے انہوں نے واقعے  میں شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے اظہار ہمدردی و تعزیت بھی کی۔ اپنے  بیان میں ان کا کہنا تھا کہ قوم کے بہادر جوانوں نے جان دے کر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ خاک میں ملایا اور 10 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں نے دہشتگردی کی سازش کو ناکام بنایا، دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے پر سکیورٹی فورسز کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں انہوں نے واقعے میں شہید شہداء کی درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔