یوم عاشور کا ماتمی جلوس آج برآمد ہو گا، فوج الرٹ،موبائل فون سروس بند رہے گی

17 جولائی ، 2024

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ میں نویں محرم الحرام کا ماتمی جلوس میگانگی روڈ امام بارگاہ ناصرالعزا ءسےنکالا گیا جبکہ یوم عاشور کا مرکزی ماتمی جلوس آج علمدار روڈ سے برآمد ہو گا، جلوس کے راستوں کو قناتیں اور ٹرک کھڑے کر کے مکمل سیل کر دیاگیا کسی بھی ممکنہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاک فوج بھی ہائی الرٹ رہےگی، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکر دی گئی، کوئٹہ سمیت صوبے کے 7 اضلاع میں موبائل فون سروس صبح چھ بجےرات تک معطل رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں نویں محرم الحرام کا ماتمی جلوس امام بارگاہ ناصرالعزا سے برآمدہوا ، جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ ناصر العزا پر پہنچ کر اختتام پذیرہو گیا، کوئٹہ میں صبح چھ بجے سے رات تک موبائل سروس معطل رہی جبکہ دسویں محرم الحرام کا مرکزی ماتمی جلوس آج بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر ناظم اعلیٰ جواد رفیعی کی قیادت میں صبح نو بجے عملدار روڈ سے برآمد ہو گا جو اپنے روایتی راستوں عملدار روڈ قائد آباد اسٹریٹ ٗ طوغی روڈ ٗ مشن روڈ ٗ باچا خان چوک ٗ لیاقت بازار ٗ پرنس روڈ ٗ میکانگی روڈ ٗابراہیم اسٹریٹ سے ہوتا ہوا علمدار روڈ مومن آبادامام بارگاہ پر شام کو اختتام پذیر ہوگا۔باچا خان چوک پر مقررین عزاداروں سے خطاب کریں گے۔ جلوس کے داخلی راستوں میں آنے والی دکانوں ، مارکیٹوں ٗ عمارتوں کو اسکریننگ کے بعد8 محرم الحرام کو ہی سیل کردیا گیا تھا، تلاشی کے بغیر کسی کو بھی جلوس میں جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اس موقع پر ایف سی ،پولیس ٗ اے ٹی ایف ٗ آر آر جی اور بی سی کے8ہزار افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ، پہاڑوں پر لیویزاور ایف سی کے ایک ہزار اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں اور فضائی نگرانی بھی کی جا ئے گی جبکہ آئی جی ٗ ڈی آئی جی ٗ ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کئے گئے ہیں۔