مسقط میں مجلس پر حملہ، 4 پاکستانی شہید، 30 زخمی، 3 گھنٹے یرغمال بنے رہے

17 جولائی ، 2024

اسلام آباد( نیوز رپورٹر،خصوصی نامہ نگار، نمائندہ خصوصی،جنگ نیوز ) عمان کے دارالحکومت مسقط میں مسجد میں ہونیوالی مجلس پر فائرنگ سے5 پاکستانی شہید اور30 زخمی ہوگئے ، سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 3 حملہ آور دہشتگرد ہلاک ، ایک اہلکار بھی شہید ہوگیا،واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ، دہشتگردوں نے امام بارگاہ میں داخل ہوکر 3 گھنٹے تک مجلس کے شرکاء جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے کو یرغمال بنائے رکھا، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عمانی حکام نے دہشتگردی کے واقعے میں4 پاکستانیوں کی شہادت کی اطلاع دی ہے۔پاکستانی سفیر عمران علی کے مطابق 30 زخمی عمان کے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی ہے،پاکستانی سفیرکا کہنا ہےکہ عمانی حکام اور ہسپتال انتظامیہ سے رابطے میں ہیں، راہنمائی کے لیے ہاٹ لائن بھی بنا دی ہے،دوسری جانب عمانی سکیورٹی فورسز کا کہنا ہےکہ وادی کبیر میں واقع علی بن ابی طالب مسجد میں حملہ کرنے والے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیاگیا ہے ، ایک پولیس اہلکار سمیت 6 افراد شہید اور 28 زخمی ہوئے ہیں ۔ادھر وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشت گردحملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سلطنت عمان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور تحقیقات میں مکمل معاونت کی پیش کش کرتا ہے، نائب وزیراعظم ،وزیر خارجہ اسحق ڈار ،چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اورسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے، اسحق ڈار نے پاکستانی سفیر عمران علی کو ٹیلیفون کیا اور حملہ پر بریفنگ لی ، یوسف رضا گیلانی نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی افسوس کا اظہار کیا ،سپیکر ایاز صادق نے پاکستانی سفارتخانے کو زخمیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔