صدر، وزیراعظم ودیگر کا دہشتگردی کی مذمت،فورسز کو خراج تحسین

17 جولائی ، 2024

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی،نیوز رپورٹر) صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم شہبازشریف،چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر شبلی فراز،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی ودیگر سیاسی رہنمائوں نے خیبر پختونخوا میں دہشتگردی واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ، صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے جوانوں نے بروقت کارروائی کر کے قوم کو بڑے نقصان سے بچا لیا،پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں کی قربانی پر فخر ہے، دہشت گرد عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا،وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردی کے عفریت کو مکمل ختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشت گردوں کو پاکستان کا امن تباہ کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،سیکورٹی فورسز اور عوام نے لازوال قربانیوں دی ہیں جو رائیگااں نہیں جائیں گی،سپیکرنےکہا کہ شہدا کی دفاع وطن کے لیے دی گئی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، دہشتگرد عناصر کو کبھی انکے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قوم کے بہادر جوانوں نے جان دے کر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ خاک میں ملایا، دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے پر سکیورٹی فورسز کی جرآت کو سلام پیش کرتے ہیں،تمام رہنمائوں نے شہداء کیلئے بلندی درجات ،لواحقین سے اظہار ہمدردی اور زخمیوں کیلئے دُعائے صحت کی دُعا کی ہے ۔