فلسطین سے متعلق احتجاج،تحریک لبیک کا مطالبات کی منظوری تک فیض آباد دھرنا جا ری

17 جولائی ، 2024

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی)گزشتہ 9 ماہ سے مسلسل مسئلہ فلسطین سے متعلق ہر سطح پر آواز اٹھانے اور احتجاج کے باوجود شنوائی نہ ہونے پر تحریک لبیک پاکستان کا مطالبات کی منظوری تک فیض آباد میں دھرنا گزشتہ روز چوتھے دن بھی جا ری رہا۔سربراہ تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ہمارے یہ تین مطالبات پورے نہیں کیئے جاتے دھرنا ایسے ہی جاری رہیگا۔ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی پڑے گی اور اس سلسلہ میں حکومت پاکستان سے ہمارے مذاکرات جاری ہیں، ہم اپنے مطالبات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔حافظ سعد رضوی نے کہا کہ جب کوئی تھک جائے تو مظلوم فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم و تشدد کو تصور میں لے آئے ، پاکستانی قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ مظلوم فلسطینی عوام کے حق میں دیئے گئے اس دھرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔