گھر میں ایک کروڑ سےزائد چوری کا ڈراپ سین،ملازمہ ملوث نکلی

17 جولائی ، 2024

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) تھانہ ویسٹریج کے علاقہ میں ہونے والی گھریلونقب زنی کی واردات کا ڈراپ سین ہو گیا اور گھریلو ملازمہ ملوث نکلی۔ ملزمہ آمنہ گھریلو ملازمہ نے گھر کی چابیاں اپنی والدہ کو دیں،ملزمہ مالک کے ہمراہ مری گئی اور اپنی والدہ اور بھائی کو فون کرکے بتایا کہ گھر خالی ہے،ملزمہ کی والدہ اور بھائی نے گھر کے تالے کھول کر طلائی زیورات رقم اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کر لیں۔ ویسٹریج پولیس نے آمنہ بی بی اور اس کے بھائی شہزادکو گرفتارکرلیا جن سے ایک کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے42تولے طلائی زیورات، 4لاکھ64ہزار 820روپے کی ملکی و غیر ملکی کرنسی اور دیگر اشیاء برآمد ہوئیں۔ ایس پی پوٹھوہار ناصر نواز کا کہنا تھا کہ ملزمہ کی والدہ کوجلد گرفتار کرلیا جائے گا۔