سٹی ٹریفک پولیس کایوم عاشور کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری

17 جولائی ، 2024

راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے یوم عاشور کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری کر دیا ۔ عاشورہ کے جلوس پر ٹریفک پولیس کے دس ڈی ایس پیز ، 84 سئینر ٹریفک وارڈنز ، 758 ٹریفک وارڈنز و اسسٹنس سمیت کل 852 افسران و جوان تعینات کئے گئے ہیں جبکہ ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ یوم عاشور کو کمیٹی چوک سے اقبال روڈ ہر طرح کی ٹریفک کے لئے بند ہو گا، ڈی اے وی کالج چوک پر ڈائیورشن ہو گی جہاں سے کالج روڈ کی طرف ہر قسم کی ٹریفک کا داخلہ بند ہو گا جبکہ ماتمی جلوس کے نیا محلہ پہنچنے پر ڈی اے وی کالج چوک سے فوارہ چوک کی طرف بھی ٹریفک کے داخلہ پر پابندی ہو گی۔ سی ٹی اوراولپنڈی تیمور خان کے مطابق یوم عاشور کے ماتمی جلوسوں کو ٹریفک کے حوالے سے مکمل اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ اس سلسلے میں پبلک سروس ٹرانسپورٹ کو ڈی اے وی کالج چوک سے واپس بھجوا دیا جائے گا جبکہ دیگر ٹریفک کو گوالمنڈی سے ڈھوک کمہار سے بھوسہ گودام کی طرف موڑا جائے گا، مشرق ہوٹل، سٹی صدر روڈ پر ڈائیورشن لگا کر واپس صدر اور موہن پورہ کی طرف موڑا جائے گا ۔