شہری 3 گاڑیوں ، 42 موٹرسائیکلوں ، نقدی ،زیورات، موبائل فونز سے محروم

17 جولائی ، 2024

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 22موٹرسائیکلوں ایک رکشے ،موبائل فونز،نقدی سے محروم ہوگئے ،6افراد سے جھپٹا مارکرموبائل اور نقدی چھین لی گئی۔وفاقی دارالحکومت میں 33 وارداتوں میں لاکھوں کی نقدی ، زیورات اور دیگر قیمتی سامان کے علاوہ 2 کاریں اور 19موٹر سائیکل اڑا لئے گئے ایک کار اور 3 موبائل فونز اور نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین لی گئی۔ دس گھروں کے تالے ٹوٹ گئے۔ڈھوک میرداد میں گلفراز کے گھر سے5لاکھ روپے اورسونا مالیتی 20لاکھ روپے ،بحریہ فیز8میں راجہ محمد سلیم کے گھرسے طلائی زیورات مالیتی ساڑھے پانچ لاکھ روپے، تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ ٹیپو روڈ پر محمد شریف کی فارمیسی سے 2ملزم گن پوائنٹ پر 35ہزار روپے میڈیسن اور پرفیوم مالیتی 10ہزار روپے اڑا لے گئے۔تھانہ نیوٹاؤن کے علاقہ سیونتھ روڈ پر2ملزم اسلحہ کی نوک پر حمزہ ناصر کاموبائل مالیتی ساڑھے چارلاکھ روپے ،تھانہ ویسٹریج کے علاقہ چئیرنگ کراس کے قریب 2موٹرسائیکل سوارسیف السلام آفریدی سے اسلحہ کی نوک پر 10ہزار روپے ،تھانہ نصیرآباد کے علاقہ رزاق ٹاؤن میں 2موٹرسائیکل سوارمحمد شکیل خان ایڈووکیٹ سے اسلحہ کی نوک پر 10ہزار روپے، تھانہ سول لائنز کے علاقہ قاضی آباد نئی پلی کے قریب 2موٹر سائیکل سوارکورئیرڈیلیوری بوائے محمد سہیل سے اسلحہ کی نوک پر موبائل اورایک لاکھ 15ہزار روپے لے اڑے۔