پابندی لگی نہیں کہ سپر پاور کا اظہار تشویش سامنے آگیا، جاوید لطیف

17 جولائی ، 2024

لاہور (نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما وسابق وفاقی وزیر جاوید لطیف نےکہا ہے کہ ایک جماعت پر ابھی پابندی لگی نہیں کہ سپرپاور کا اظہار تشویش سامنے آگیا، سی پیک مکمل ہونا ان کو برداشت نہیں، سیاسی جماعتیں ملک کیلئے خطرہ بن جائیں تو انہیں قومی جماعتیں نہیں کہا جائیگا،پاکستان معاشی، اخلاقی، دفاعی اور سفارتی لحاظ سے کمزور ہو چکا ہے،اب ہم مزید کسی امتحان کے قابل نہیں رہے، سب جانتے ہوئے بھی ہم آنکھیں بند نہیں کر سکتے، پاکستان نے جب جب اپنی معاشی ترقی کے لحاظ سے قدم اٹھایا وہ لیڈرشپ نشانہ عبرت بنی، جو خفیہ ہاتھ پیچھے رہ کر ریاست کو کمزور کرتے ہیں ان کو سامنے لایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان کے اداروں میں بیٹھے کچھ لوگوں اور قومی جماعتوں میں موجود کچھ لوگوں نے اپنی ضرورت کے تحت انکے مفادات پورے کیے، جس سے پاکستان کا نقصان کیا گیا۔ جاوید لطیف نے کہا کہ ہمیشہ کہتا ہوں سیاسی جماعتوں پر پابندی نہیں ہونی چاہیے لیکن ایک جماعت اگر ملکی تنصیبات پر حملہ کرے تو اس پر کیسے پابندی نہ لگے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تحریک لبیک پر پابندی لگائی تھی لیکن اس وقت تو کسی جگہ سے تشویش کا اظہار کرنا یاد نہیں آیا تھا، آج ایک پریس کانفرنس میں ایک جماعت پر پابندی کی بات کی گئی تو تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں کینیا جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، لیکن اس پر کسی کو تشویش نہیں ہوئی۔ جاوید لطیف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے اداروں میں بیٹھے لوگ اور جماعتوں کو یہ یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ آئی ایم ایف ہو یا سپرپاور ہو، انہیں سی پیک کسی صورت پاکستان میں قابل قبول نہیں ہے اور اس خواہش کو پوری کرنے والا پاکستان کا خیرخواہ کیسے ہوسکتا ہے۔