عاشورہ کا دن باطل قوتوں کے آگے ڈٹ جانے کا متقاضی ، سیدحسین مقدسی

17 جولائی ، 2024

راولپنڈی ( خصوصی نمائندہ)تحریک نفاذفقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی نے کہاہے کہ عاشورہ کا دن نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین علیہ السلام کی میدانِ کربلا میں اپنی اور جانثاروں کی قربانیوں باطل قوتوں کے آگے ڈٹ جانے کا متقاضی ہے،سانحہ کربلا انسانی اصولوں کی معراج کا اپنے اندر عظیم فلسفہ سمیٹے ہوئے ہے ،امام عالی مقام نے دین اسلام کو بچانے کیلئے اپنے اقربا و جانثاران کی قربانی پیش کر کے عالم اسلام کو رہتی دنیا تک یہ درس دیا ہے کہ جب بھی دین اسلام پر حملہ ہو غیرت و حمیت اور عبودیت کا تقاضا ہے کہ دفاع میں اپنا سب کچھ اگر قربان بھی کرنا پڑے تو اسے سعادت سمجھ کر کر دیا جانا چاہئے، آج کا دن بلاشبہ باطل کے آگے سر نہ جھکانے اور یزیدی سوچ کو قبول نہ کرنے کیلئے تجدید عہد کا دن ہے،امام عالی مقام ؑنے اسلام کی سربلندی کیلئے یزیدی قوتوں سے ٹکرا نے کا عملی درس دیا، آج یوم عاشور پر ہمیں مسلم امہ کے اتحاد میں پڑنے والی دراڑوں کا سنجیدگی سے جائزہ لیکر اسلام دشمن باطل قوتوں کے ایجنڈا کا موثر توڑ کرنے کی ضرورت ہے عاشورہ محرم کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ ماہ محرم ہر سال ہمیں نواسہ رسول کی اس عظیم قر بانی کی یاد دلاتا ہے جو آپ ؑنے حق کی سر بلندی کی خاطر کر بلا کے میدان میں دی تھی، ظلم وجبر کیخلاف آپکا قیام ساری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے، آپ نے تعداد میں کم اور نہتے ہونے کے باوجود جرات و پامردی کی ایسی داستانیں رقم کیں جو رہتی دنیا تک امتِ مسلمہ کے حوصلے بلند کرتی رہیں گی۔