مقبوضہ کشمیر میں آپریشن، کیپٹن سمیت 5 بھارتی فوجی ہلاک، بی جے پی کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ ہمارے فوجی بھگت رہے ہیں، راہول گاندھی

17 جولائی ، 2024

نئی دہلی /سرینگر (ایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں دوران آپریشن بھارتی فوج پر ہونے والے حملے میں ایک کیپٹن سمیت 5 بھارتی فوجی ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔حملہ گزشتہ روز ضلع ڈوڈہ کے علاقے دیسہ میں بھارتی فوج‘پیراملٹری فورسز اورپولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ کی جانب سے شروع کی گئی محاصرے اور تلاشی کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران ہوا۔بھارتی فوج کے مطابق فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی جارہی تھی کہ جنگل میں چھپے مسلح افراد کی جانب فائرنگ شروع کردی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈوڈا ضلع کے ڈیسا کے جنگلات میں پیر کی رات فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔بھارتی فوج کے مطابق پولیس اور فوجی دستوں نے جنگل میں سرچ آپریشن شروع کیا جس کے بعد فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔بھارتی فوج کے مطابق علاقے میں اضافی دستے تعینات کر دیے گئے ہیں آپریشن تاحال جاری ہے۔ حملے کے بعداپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھاکہ بی جے پی کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ ہمارے فوجی اور ان کے اہل خانہ بھگت رہے ہیں‘ یکے بعد دیگرے ایسے خوفناک واقعات انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہیں۔ مسلسل ہو رہے یہ دہشت گردانہ حملے جموں و کشمیر کی خستہ حالی کو ظاہر کر رہے ہیں۔