پی ٹی آئی حامیوں کی تقاریر کنونشن کا حصہ تھا نہ انہیں اجازت دی، اپنا

17 جولائی ، 2024

نیویارک (عظیم ایم میاں) امریکا میں پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم ’’اپنا‘‘ کے سالانہ کنونشن کے دوران اسی کنونشن سینٹر میں امریکا میں پی ٹی آئی کے حامیوں کے اجتماع اور تقاریر پر بعض اعتراضات کے باعث جو صورتحال پیدا ہوگئی تھی وہ اب قدرے واضح ہوگئی ہے۔ ’’اپنا‘‘ کے سیکریٹری اور بورڈ آف ٹرسٹیز کے ممبر ڈاکٹر رضوان نعیم نے نمائندہ جنگ کے استفسار پر بتایا ہے کہ 3؍ تا 7؍ جولائی کے دوران ’’اپنا‘‘ کے سالانہ کنونشن کے پروگرام پی ٹی آئی یا کسی سیاسی پارٹی کو نہ تو ’’اپنا‘‘ کے کنونشن میں شراکت کی دعوت دی گئی اور نہ کوئی پروگرام منعقد کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔’’اپنا‘‘ امریکی قوانین کے تحت ایک پروفیشنل اور ’’نان پرافٹ‘‘ سماجی تنظیم ہے جس کا پاکستان کی سیاست یا امریکی سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی ’’اپنا‘‘ کسی سیاسی نوعیت کا اجتماع یا سرگرمیاں منعقد کرنے کی مجاز ہے۔ لہٰذا اس سال سالانہ کنونشن کے دوران اسی ہوٹل میں پی ٹی آئی کے حامیوں اور اس کے بعض قائدین کی تقریروں پر مشتمل ہونے والے پروگرام نہ تو ’’اپنا‘‘ کنونشن اور ’’اپنا‘‘ کے پروگراموں کا حصہ تھا اور نہ ہی ’’اپنا‘‘ نے اس کی کوئی اجازت دی تھی۔ انہوںنے اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں جبکہ حقائق کے مطابق امریکا میں پی ٹی آئی کے عملی سربراہ اور بانی پی ٹی آئی کے دیرینہ رفیق سجاد برکی، شہباز گل، قاسم سوری اور دیگر حامیوں نے ’’اپنا‘‘ کے کنونشن کے دوران اسی ہوٹل میں ایک اجتماع منعقد کرکے وہاں پی ٹی آئی کے حق میں تقاریر کرتے ہوئے پاکستان کی صورتحال کے بارے میں تنقید اور تشویش کا اظہار کرتے اپنے سیاسی مخالفین کوبھی لپیٹ میں لیا۔ جس پر ’’اپنا‘‘ کے بعض حلقوں نے اعتراض اٹھایا کہ ’’اپنا‘‘ سیاسی سرگرمیوں کی مجاز نہیں بلکہ اس کے اراکین مختلف سیاسی اور ذاتی نظریات کے حامل ہیں اور ’’اپنا‘‘ سیاسی سرگرمیوں کی مجاز نہیں۔ اب حقائق سامنے آنے پر واضح ہوگیا ہے کہ پی ٹی آئی کے حامیوں نے ایک غیر معروف تنظیم کے نام پر اس وسیع و عریض ریزروٹ ہوٹل میں ایک ہال بک کرکے کنونشن کے دوران ایک اجلاس منعقد کیا ۔