4 ایڈہاک ججز کی تقرری کی کوئی مثال نہیں ملتی، بیرسٹر گوہر

17 جولائی ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) تحریک انصاف نے ایڈہاک ججز کی تقرریوں کو چیف جسٹس اور حکومت کے مابین مک مکا کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے ہر سطح پر اس کی مخالفت اور مزاحمت کا اعلان کر دیاجبکہ چیئرمین بیرسٹرگوہرعلی نےکہاہے کہ 4 ایڈہاک ججز کی تقرری کی کوئی مثال نہیں ملتی، تحریک انصاف کے ترجمان نے عدالت عظمیٰ میں ایڈہاک ججز کی تقرریوں کوغیر شفاف ، غیرضروری اور خلاف عدل قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرد واحد کی عددی برتری کا اہتمام کیا جارہا ہے، چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کا کہناتھاکہ خدشہ ہے ایڈہاک ججز کی تعیناتی کا مقصد پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں سے متعلق ہے 2015 سے سپریم کورٹ میں کسی ایڈہاک جج کی تقرری نہیں کی گئی اس سے کیسز کا بوجھ کم نہیں ہوگا۔ مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے کہا ہے کہ ایڈہاک ججز کی تقرری محض ایک بہانہ ہے جبکہ ہدف دراصل کچھ اور ہے مجوزہ ایڈہاک ججز اگر ایک مثبت مثال قائم کرنا چاہتے ہیں تو انہیں خود اس پیشکش کو مسترد کر دینا چاہئے۔