وزیر اعلیٰ KP کی ہدایت پر صنم جاوید اسلام آباد میں موجود خیبر پختونخوا ہاوس منتقل

17 جولائی ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف کی کارکن صنم جاوید کو فیملی کے ہمراہ کے پی ہاوس اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق صنم جاوید اور ان کے اہل خانہ کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایت پر کے پی ہاوس منتقل کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے پی پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کے والد اور شوہر کے ساتھ رابطے میں تھے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر صنم جاوید اور انکے اہل خانہ کی مہمان نوازی کی گئی۔ صنم جاوید اہل خانہ کے ہمراہ کے پی ہاوس میں قیام کریں گی۔ واضح رہے کہ پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کو رہا کرتے ہوئے جمعرات تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے جمعرات کو صنم جاوید کیخلاف درج تمام مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے۔